پاکستانی آئی ٹی برآمدات4.6 ارب ڈالرکی بلند ترین سطح پرپہنچ گئیں
آئی ٹی برآمدات میں 21 فیصد اضافہ، تجارتی سرپلس 85 فیصد تک پہنچ گیا
فائل فوٹو
پاکستان کی آئی ٹی شعبے کی برآمدات 4.6 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں آئی ٹی برآمدات میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آئی ٹی شعبے کا تجارتی سرپلس 85 فیصد تک پہنچ گیا۔
وزارت آئی ٹی کے مطابق گزشتہ سال حکومت نے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں کی تربیت فراہم کی۔
وزارت کے مطابق دنیا بھر میں 20 سے زائد بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کا اہتمام کیا گیا، جہاں 250 سے زائد پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کو عالمی منڈی میں متعارف کرایا گیا۔
وزارت آئی ٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں میں بھی آئی ٹی صنعت کے نمائندوں کو ساتھ لے جایا گیا، جبکہ حکومت نے آئی ٹی برآمد کنندگان کے لیے متعدد مراعات بھی متعارف کرائیں، جن میں فائنل ٹیکس رجیم کا تسلسل اور برآمدات پر 0.25 فیصد ٹیکس کی سہولت شامل ہے۔