امریکی جارحیت کا فیصلہ کن اور تباہ کن جواب دیں گے۔ایرانی کمانڈر

ایران کی امریکہ کو سخت وارننگ، مزید بھاری قیمت چکانا پڑے گی

July 19, 2026 · بام دنیا

ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت یا بربریت کا مسلح افواج کی جانب سے فیصلہ کن اور تباہ کن جواب دیا جائے گا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق جاری بیان میں علی عبداللہی نے امریکہ کو “مجرمانہ، غدار اور دھوکے باز دشمن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج، عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور امریکہ پر ماضی کی جنگوں کے مقابلے میں زیادہ بھاری قیمت عائد کی جائے گی۔

میجر جنرل علی عبداللہی کا کہنا تھا کہ مسلسل فوجی ناکامیوں کے بعد دشمن اب ایرانی عوام اور قیادت کے درمیان اختلافات اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم یہ عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی دفاعی طاقت ملک کے جنوب سے شمال اور مشرق سے مغرب تک عوام کے امن و سلامتی کی مضبوط ضمانت ہے اور یہی طاقت قومی استحکام کی بنیاد ہے۔