ایران نے امریکی دفاعی نظام کا توڑ نکال لیا، روسی میڈیا

ان میزائلوں کی رفتار انتہائی زیادہ بتائی جا رہی ہے اور پرواز کے دوران وہ اپنی سمت یا راستے میں تبدیلی کی صلاحیت رکھتے ہیں

July 19, 2026 · بام دنیا

 تہران/ماسکو: روسی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران نے ایسے جدید میزائل استعمال کیے ہیں جو روایتی میزائل دفاعی نظام کو چکمہ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اہداف کو زیادہ درستگی کے ساتھ نشانہ بنا سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ان میزائلوں کی رفتار انتہائی زیادہ بتائی جا رہی ہے اور پرواز کے دوران وہ اپنی سمت یا راستے میں تبدیلی کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کے باعث انہیں روکنا دفاعی نظام کے لیے زیادہ مشکل ہو سکتا ہے۔

روسی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ امریکی دفاعی حلقے ایران کی ان صلاحیتوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس بات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں کہ حالیہ حملوں میں بعض اہداف کو کس حد تک درستگی سے نشانہ بنایا گیا۔

تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

یہ رپورٹس ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب خطے میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان حالیہ فوجی کارروائیوں نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے۔