ایران پر تازہ حملے امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا جواب تھے،ٹرمپ

ہ آبنائے ہرمز پر امریکہ کا کنٹرول قائم ہے، جبکہ ایران اس اہم بحری گزرگاہ پر مؤثر کنٹرول رکھنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

July 20, 2026 · بام دنیا

 

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر گزشتہ رات کیے گئے حملے ان تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے جواب میں کیے گئے جنہیں حالیہ کشیدگی کے دوران جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔

فیفا ورلڈ کپ فائنل کے بعد واشنگٹن روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ حالیہ کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی عسکری صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان کے بقول ایران کے پاس اب محدود تعداد میں میزائل، ڈرون اور دفاعی پیداواری صلاحیت باقی رہ گئی ہے۔

امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر امریکہ کا کنٹرول قائم ہے، جبکہ ایران اس اہم بحری گزرگاہ پر مؤثر کنٹرول رکھنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی افواج کی حالیہ کارروائیوں کا مقصد ایران کی ان عسکری صلاحیتوں کو مزید کمزور کرنا ہے جو خطے میں سلامتی اور بحری آمدورفت کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔ ان کے مطابق امریکہ ایران کی ممکنہ جوہری اور میزائل صلاحیت کو محدود کرنے کے لیے بھی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

اس سے قبل امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران کے خلاف نئی فضائی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں، جو مسلسل نویں رات بھی جاری رہیں۔ سینٹکام کے مطابق ان حملوں کا مقصد ایران کی ان فوجی صلاحیتوں کو نشانہ بنانا ہے جنہیں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں کے لیے خطرہ قرار دیا جاتا ہے۔

دوسری جانب ایرانی حکام نے امریکی دعوؤں پر باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا، جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر عالمی برادری گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔