ایرانی ڈرون حملے میں ایک اور امریکی فوجی ہلاک، سینٹ کام کی تصدیق
18 جولائی کو شمالی عراق میں ایک فوجی کارروائی کے دوران امریکی اہلکار لاپتا ہو گیا تھا
واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی ڈرون حملے میں ایک اور امریکی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔
سینٹ کام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 18 جولائی کو شمالی عراق میں ایک فوجی کارروائی کے دوران امریکی اہلکار لاپتا ہو گیا تھا۔ بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران جائے وقوعہ سے انسانی باقیات برآمد ہوئیں، جن کی شناخت مذکورہ امریکی فوجی کے طور پر کی گئی۔
امریکی فوج کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ فوجی ایرانی ڈرون حملے میں ہلاک ہوا۔ واقعے کے بعد مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حملے کی مکمل نوعیت اور حالات کا تعین کیا جا سکے۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے اردن میں ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں کے نتیجے میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور متعدد اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی تھی۔
حالیہ واقعے کے بعد خطے میں سلامتی کی صورتحال اور کشیدگی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جبکہ امریکی حکام نے متاثرہ اہلکار کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت بھی کیا ہے۔