ایران پر امریکی حملوں کا نیا مرحلہ مکمل، فوجی مراکز اور دفاعی نظام نشانے پر

مئی کے آغاز سے اب تک امریکی فورسز نے تقریباً 900 تجارتی جہازوں اور کروڑوں بیرل خام تیل کی محفوظ ترسیل میں معاونت فراہم کی ہے۔

July 21, 2026 · بام دنیا

امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے تازہ مرحلے کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق یہ کارروائیاں مسلسل دسویں رات انجام دی گئیں، جن میں متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

سینٹکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کارروائیوں کے دوران ایرانی فوج کے کمانڈ سینٹرز، بحری تنصیبات، میزائل اور ڈرون لانچنگ مقامات کے علاوہ فضائی دفاعی نظام کو ہدف بنایا گیا۔

بیان کے مطابق خطے میں اہم بین الاقوامی بحری راستوں پر تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت معمول کے مطابق جاری ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مئی کے آغاز سے اب تک امریکی فورسز نے تقریباً 900 تجارتی جہازوں اور کروڑوں بیرل خام تیل کی محفوظ ترسیل میں معاونت فراہم کی ہے۔

سینٹکام نے مزید کہا کہ امریکی افواج آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری آمدورفت کے تحفظ کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور شہری جہاز رانی کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

دوسری جانب ایرانی حکام کی جانب سے امریکی دعوؤں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔