اس ماہ ایرانی حملوں میں تقریباً 100 امریکی فوجی زخمی ہوئے،پینٹاگون

زخمی فوجیوں کی اکثریت معمولی یا درمیانے درجے کی چوٹوں کا شکار ہوئی اور بیشتر اہلکار دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔

July 21, 2026 · بام دنیا

امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے کہا ہے کہ رواں ماہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں پر ہونے والے ایرانی حملوں کے نتیجے میں تقریباً 100 امریکی فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

پینٹاگون کے مرکزی ترجمان سین پارنیل کے مطابق 7 جولائی 2026 کے بعد زخمی ہونے والے فوجیوں میں سے تقریباً 96 فیصد دوبارہ اپنی ڈیوٹی پر واپس آ چکے ہیں، جبکہ باقی اہلکاروں کا علاج جاری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ زخمی فوجیوں کی اکثریت معمولی یا درمیانے درجے کی چوٹوں کا شکار ہوئی اور بیشتر اہلکار دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔

امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ ہفتوں میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ وہ خطے میں تجارتی بحری راستوں کے تحفظ کے لیے ایرانی اہداف پر کارروائیاں کر رہی ہے، جبکہ ایران مختلف امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے دعوے کر رہا ہے۔

ادھر امریکی محکمہ دفاع کے مطابق حالیہ حملوں کے دوران اردن میں قائم ایک فوجی اڈے پر دو امریکی اہلکار ہلاک ہوئے، جبکہ ایک اور فوجی عراق میں دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

پینٹاگون نے زخمی فوجیوں کی مکمل تفصیلات یا نقصانات سے متعلق مزید معلومات جاری نہیں کیں، تاہم امریکی فوج کے اعداد و شمار کے مطابق ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے آغاز سے اب تک سیکڑوں امریکی فوجی مختلف کارروائیوں میں زخمی ہو چکے ہیں۔