امریکا نے دنیا بھر میں اپنے شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا
ماضی میں بھی امریکی سفارتی مراکز حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، اس لیے موجودہ حالات میں اضافی احتیاط کی ضرورت ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ایران اور اس سے وابستہ گروہوں کی جانب سے ممکنہ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر دنیا بھر میں موجود امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
محکمہ خارجہ کے قونصلر امور کے شعبے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث سکیورٹی کی صورتحال غیر یقینی ہے اور امریکی مفادات، سفارتی تنصیبات یا امریکی شہریوں سے وابستہ مقامات کو ممکنہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
بیان کے مطابق ماضی میں بھی امریکی سفارتی مراکز حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، اس لیے موجودہ حالات میں اضافی احتیاط کی ضرورت ہے۔
امریکی حکام نے مشرقِ وسطیٰ میں موجود اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی سکیورٹی صورتحال پر نظر رکھیں، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش یا سفری رکاوٹوں کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی منصوبہ بندی کریں۔
محکمہ خارجہ نے خطے سے باہر موجود امریکی شہریوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ اگر ان کا مشرقِ وسطیٰ کا سفر طے ہے یا وہ اس خطے کے راستے سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اپنے سفری منصوبوں پر دوبارہ غور کریں۔
امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں مختلف ممالک اپنے شہریوں کے لیے سفری اور سکیورٹی ہدایات جاری کر رہے ہیں۔