ٹرمپ کی ایران کو نئی دھمکی،نطنز کے قریب ایٹمی مرکز کو نشانہ بنانے کا عندیہ

ایران کے جوہری پروگرام پر امریکا کی گہری نظر ہے اور اگر ضرورت پڑی تو نطنز کے قریب پہاڑی علاقے میں قائم تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

July 22, 2026 · بام دنیا

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے نطنز کے قریب واقع ایرانی ایٹمی تنصیبات کو ممکنہ طور پر نشانہ بنانے کا عندیہ دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر امریکا کی گہری نظر ہے اور اگر ضرورت پڑی تو نطنز کے قریب پہاڑی علاقے میں قائم تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران ایسی کسی کارروائی کو روکنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ جب تک ایران بامعنی مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہوتا، امریکا بھی مذاکرات میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ تاہم ان کے مطابق ایران دوبارہ مذاکرات اور ممکنہ معاہدے کے لیے رابطوں کا خواہاں ہے۔

لبنان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکا لبنان کے ساتھ احترام اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر لبنان کی قیادت مناسب سمجھے تو وہ حزب اللہ کے ساتھ بات چیت کے امکان پر بھی غور کرنے کے لیے تیار ہیں۔

امریکی صدر کے اس بیان کے بعد خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کے مزید بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں، جبکہ ایران کی جانب سے اس بیان پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔