بھارت میں ترقی کا دعویٰ کرنے کی پوسٹ پربی جے پی نے پاکستانی شاہراہ کی وڈیولگادی
ناردرن وائبزکی تیارکردہ فوٹیج تھی
فائل فوٹو
بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو سوشل میڈیا پر اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب ملکی ترقی کا دعویٰ کرنے کے لیے جاری کی گئی ایک ویڈیو دراصل پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان کی شاہراہ کی نکلی۔ صارفین نے نشاندہی کردی۔
بی جے پی کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ’’بی جے پی 4 انڈیا‘‘ سے ایک خوبصورت ہائی وے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ نیا بھارت ہے، جو صرف خواب نہیں دیکھتا بلکہ انہیں حقیقت میں بھی بدلتا ہے۔تاہم ویڈیو منظرعام پر آتے ہی یہ بات کھل گئی کہ اس میں دکھائی گئی شاہراہ بھارت کی نہیں بلکہ گلگت بلتستان کی ہے۔
یہ ویڈیو پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹر ناردرن وائبز کی تیار کردہ تھی، جن کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک لاکھ 46 ہزار سے زائد فالوورز موجود ہیں۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ناردرن وائبز نے بی جے پی کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’بلتستان ہائی وے کب سے بھارت کا حصہ بن گئی؟ یہ میری ویڈیوز ہیں، جو بغیر اجازت استعمال کی گئی ہیں۔‘‘ انہوں نے بی جے پی پر اپنی ویڈیو استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
So @BJP4India is using video clips of Baltistan highway and claiming 'Ye Naya Bharat hai'. Wah @narendramodi ji Wah! https://t.co/4nrWlXUcdi pic.twitter.com/lMjaEUy3gB
— Mohammed Zubair (@zoo_bear) July 20, 2026
معاملہ سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد بی جے پی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد پارٹی نے مذکورہ ویڈیو اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے حذف کر دی۔ تاہم اس حوالے سے بی جے پی کی جانب سے کوئی باضابطہ وضاحت یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔