حوثیوں کا دو سعودی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کر دیا

متعلقہ آئل ٹینکرز نے گروپ کی ہدایات اور بحری پابندیوں کو نظر انداز کیا، جس کے بعد انہیں ہدف بنایا گیا۔

July 23, 2026 · بام دنیا

یمن کی حوثی تحریک انصار اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحیرہ احمر میں سعودی عرب کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا۔ تنظیم کے مطابق یہ کارروائی اس بحری ناکہ بندی کی مبینہ خلاف ورزی کے بعد کی گئی جو حوثیوں نے حالیہ دنوں میں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انصار اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ متعلقہ آئل ٹینکرز نے گروپ کی ہدایات اور بحری پابندیوں کو نظر انداز کیا، جس کے بعد انہیں ہدف بنایا گیا۔

دوسری جانب سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ بحیرہ احمر میں سفر کے دوران سعودی ملکیت کے ایک جہاز کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں جہاز کے اگلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم جہاز کا عملہ محفوظ رہا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

اس سے قبل برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی ادارے نے بھی اطلاع دی تھی کہ سعودی ساحل الشقیق سے تقریباً 70 ناٹیکل میل دور ایک جہاز میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہاز کے کپتان نے بتایا کہ آگ میزائل لگنے کے بعد بھڑکی، تاہم اس واقعے سے کسی جانی نقصان یا ماحولیاتی آلودگی کی اطلاع نہیں ملی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل حوثی تنظیم نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقدام یمن پر عائد پابندیوں اور صنعا ایئرپورٹ کی بندش کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ تنظیم کے ترجمان کے مطابق جب تک یمن پر عائد پابندیاں برقرار رہیں گی، جوابی اقدامات بھی جاری رہیں گے۔

تاحال اس واقعے پر سعودی حکام کی جانب سے حوثیوں کے دعوے کی مکمل تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔