ایران میں مزید دھماکے، جاسک اور بوشہر میں حملوں کی اطلاعات
ایران کی جانب سے مبینہ حملوں کے بعد کویت کے السالم فوجی اڈے کے قریب دھوئیں اور آگ کے بادل دیکھے گئے
ایران میں جاری کشیدگی کے دوران مختلف علاقوں سے مزید دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں جاسک اور بوشہر میں حملوں کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مذکورہ علاقوں کو فضائی حملوں اور میزائل کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا، تاہم حملوں کی نوعیت اور ممکنہ نقصانات سے متعلق مکمل تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔
بوشہر کے نائب گورنر برائے سیاسی و سکیورٹی امور احسان جہانیان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بوشہر میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب بعض غیر مصدقہ اطلاعات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے مبینہ حملوں کے بعد کویت کے السالم فوجی اڈے کے قریب دھوئیں اور آگ کے بادل دیکھے گئے۔ تاہم اس حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث خطے کی صورتحال بدستور غیر یقینی ہے اور مختلف فریقوں کی جانب سے سامنے آنے والے دعوؤں اور اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق کا عمل جاری ہے۔