ایران اور روس کے وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات،خطے کی صورتحال زیر بحث

ایران آبنائے ہرمز کو کسی بھی ایسے اقدام کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا جس سے ملک کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو۔عباس عراقچی

July 25, 2026 · بام دنیا

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی موجودہ عدم تحفظ کی صورتحال امریکا کی جانب سے وعدہ خلافی کا نتیجہ ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر روسی ہم منصب سے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران نے ہمیشہ سفارت کاری کو ترجیح دی ہے، تاہم اپنی قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز کو کسی بھی ایسے اقدام کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا جس سے ملک کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس سے قبل مصر اور عمان کے وزرائے خارجہ سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، جس میں علاقائی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خلیجی خطے میں صورتحال پر عالمی برادری کی نظریں مرکوز ہیں، جبکہ مختلف ممالک کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔