ایران پر حملوں کی ویڈیو میں گانے کے استعمال پر کیٹی پیری نے وائٹ ہاؤس کو آڑے ہاتھوں لے لیا
فن اور موسیقی کا مقصد لوگوں کو حوصلہ دینا اور مثبت پیغام پہنچانا ہے، نہ کہ اسے عسکری کارروائیوں یا تشدد سے جوڑا جائے۔
امریکی پاپ گلوکارہ کیٹی پیری نے ایران پر امریکی فوجی حملوں سے متعلق ایک ویڈیو میں اپنے مشہور گانے “Firework” کے استعمال پر شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں بمباری کے مناظر کو کیٹی پیری کے گانے “Firework” کے ساتھ دکھایا گیا، جس میں “Boom, Boom, Boom” والا حصہ بھی شامل تھا۔
کیٹی پیری کا کہنا ہے کہ وہ اس ویڈیو کو دیکھ کر حیران اور ناخوش ہیں۔ ان کے مطابق “Firework” امید، حوصلے، شفا اور اندرونی طاقت کا پیغام دینے کے لیے تخلیق کیا گیا تھا، جبکہ جنگی کارروائیوں کے ساتھ اس کا استعمال گانے کے اصل مقصد کے بالکل برعکس ہے۔
گلوکارہ نے کہا کہ فن اور موسیقی کا مقصد لوگوں کو حوصلہ دینا اور مثبت پیغام پہنچانا ہے، نہ کہ اسے عسکری کارروائیوں یا تشدد سے جوڑا جائے۔
رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی معروف گلوکار نے اپنی موسیقی کے سیاسی یا سرکاری استعمال پر اعتراض کیا ہو۔ اس سے قبل اولیویا روڈریگو اور آریانا گرانڈے سمیت کئی فنکار بھی ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اپنی موسیقی کے استعمال پر ناپسندیدگی کا اظہار کر چکے ہیں۔