آبنائے ہرمز سے متعلق عمان کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی،ایران
دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی اور سیاسی سطح پر مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔
تہران: ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق عمان کے ساتھ جاری مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق جمعہ اور ہفتہ کے روز مذاکرات ہوئے، جن میں دونوں ممالک نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران آبنائے ہرمز سے متعلق اصولوں اور عملی اقدامات پر بات چیت کی گئی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی اور سیاسی سطح پر مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کی موجودہ صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور سمندری نقل و حرکت معمول کے مطابق جاری ہے۔
دوسری جانب کویت نے ایران کے خلاف مبینہ فوجی کارروائیوں میں شمولیت سے متعلق میڈیا رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے۔ کویتی حکام کا کہنا ہے کہ کویت نے کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف فوجی کارروائی میں حصہ نہیں لیا اور نہ ہی اپنی سرزمین، فضائی حدود یا سمندری حدود کو کسی جارحانہ اقدام کے لیے استعمال ہونے دیا۔