ایران پر حملوں کے معاملے پر امریکی قیادت میں اختلافات سامنے آگئے

نائب صدر جے ڈی وینس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے ایران کے خلاف جنگ کو مزید وسعت دینے کے ممکنہ اثرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے

July 26, 2026 · بام دنیا

واشنگٹن: ایران کے خلاف ممکنہ مزید فوجی کارروائیوں کے معاملے پر امریکی قیادت کے اندر اختلافات اور خدشات سامنے آنے لگے ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے ایران کے خلاف جنگ کو مزید وسعت دینے کے ممکنہ اثرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں جنرل ڈین کین نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ممکنہ فوجی اقدامات کے نتائج اور درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے امریکی فوجی صلاحیت، اسلحے کے ذخائر اور طویل جنگ کے ممکنہ اثرات پر بھی بات کی۔

امریکی عسکری حکام کا کہنا ہے کہ فوج صدر کے احکامات پر عمل درآمد کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، تاہم کسی بھی فوجی اقدام سے قبل اس کے ممکنہ نتائج اور طویل المدتی اثرات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی حکام ایران کے خلاف کارروائیوں کو بڑھانے کے فیصلے میں خطے کی صورتحال، فوجی وسائل اور مستقبل کے چیلنجز کا جائزہ لے رہے ہیں۔