اسلحے کی قلت کی خبریں بے بنیاد ہیں،امریکا کے پاس ضرورت سے زیادہ ہتھیار ہیں:ٹرمپ

امریکا کے دفاعی ذخائر نہ صرف مکمل ہیں بلکہ ملک کی ضرورت سے بھی زیادہ اسلحہ دستیاب ہے، اس لیے قلت سے متعلق دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں۔

July 27, 2026 · بام دنیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف حالیہ کشیدگی کے دوران امریکا میں اسلحے اور گولہ بارود کی قلت سے متعلق رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج کے پاس دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ ہتھیار موجود ہیں۔

ایک امریکی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے دفاعی ذخائر نہ صرف مکمل ہیں بلکہ ملک کی ضرورت سے بھی زیادہ اسلحہ دستیاب ہے، اس لیے قلت سے متعلق دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں۔

اس سے قبل امریکی میڈیا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی فوجی قیادت نے وائٹ ہاؤس کو فضائی دفاع میں استعمال ہونے والے انٹرسیپٹر میزائلوں کے ذخائر میں کمی سے آگاہ کیا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع ہونے کی صورت میں امریکی میزائلوں کے ذخائر مزید کم ہو سکتے ہیں، جس پر فوجی حکام نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

دوسری جانب ایک سینیئر امریکی عہدیدار نے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، کہا کہ ایران کے خلاف حالیہ حملوں کے نتائج توقعات سے مختلف رہے۔ ان کے مطابق ان کارروائیوں نے ایران کے اندرونی اتحاد کو تقویت دی اور ایرانی قیادت کو بیرونی خطرات پر توجہ مرکوز رکھنے کا موقع ملا۔

تاہم امریکی صدر ٹرمپ نے اسلحے کی دستیابی سے متعلق تمام خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنی دفاعی صلاحیت پر مکمل اعتماد رکھتا ہے۔