امریکی بحری ناکہ بندی دہرائی گئی تو بھرپور جواب دیں گے، ایران
اس نوعیت کے اقدامات نہ صرف خطے میں کشیدگی بڑھا سکتے ہیں بلکہ ایران انہیں جنگی صورتحال کو مزید وسعت دینے کے مترادف سمجھے گا۔
ایران کی اعلیٰ فوجی کمان خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈ کوارٹرز نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی بندرگاہوں یا بحری راستوں کی ناکہ بندی کی کوشش دوبارہ کی گئی تو تہران اسے تنازع کے دائرہ کار میں توسیع تصور کرے گا۔
ایرانی فوجی کمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ چند روز کے دوران امریکی سرگرمیوں کے باعث ایرانی تجارتی جہازوں، آئل ٹینکروں اور دیگر بحری جہازوں کو اپنے ساحلی اور علاقائی پانیوں میں دباؤ اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس نوعیت کے اقدامات نہ صرف خطے میں کشیدگی بڑھا سکتے ہیں بلکہ ایران انہیں جنگی صورتحال کو مزید وسعت دینے کے مترادف سمجھے گا۔
ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی مسلح افواج ہر قسم کی بیرونی دھمکی یا جارحانہ اقدام کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران اپنی قومی سلامتی اور سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی کارروائی کا مناسب جواب دیا جائے گا۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی، بحری سلامتی اور عالمی تجارتی راستوں کے حوالے سے خدشات بدستور برقرار ہیں، جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان تعلقات بھی مسلسل تناؤ کا شکار ہیں۔