اسرائیل اور لبنان مذاکرات کا اگلا دور 4 اگست کو روم میں ہوگا
دونوں فریقین کے درمیان پہلے سے طے شدہ فریم ورک معاہدے پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
روم: اسرائیل اور لبنان کے درمیان جاری مذاکرات کا اگلا دور 4 اگست کو اٹلی کے دارالحکومت روم میں منعقد ہوگا، جہاں دونوں فریقین کے درمیان پہلے سے طے شدہ فریم ورک معاہدے پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں سرحدی تنازعات کے حل، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی اور پائلٹ زونز کے دائرہ کار میں ممکنہ توسیع سمیت اہم امور زیر بحث آئیں گے۔ اس ملاقات کو خطے میں استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت لبنانی فوج ملک بھر میں اپنی مؤثر عملداری کو مزید مضبوط بنائے گی تاکہ سرحدی علاقوں میں ریاستی رٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب منصوبے کے مطابق اسرائیلی افواج مرحلہ وار لبنان کے مختلف علاقوں سے انخلا کریں گی۔ اس عمل کے طریقہ کار اور وقت کے تعین پر بھی مذاکرات کے دوران تبادلہ خیال متوقع ہے۔
سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات کامیاب رہے تو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی اور سرحدی علاقوں میں امن و استحکام کے امکانات مزید روشن ہو سکتے ہیں۔