اقوام متحدہ کا اسرائیل سے جنوبی لبنان میں فوجی موجودگی ختم کرنے کا مطالبہ

دورے کے دوران حکومتی حکام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور اسرائیلی کارروائیوں سے متاثرہ بے گھر افراد سے ملاقاتیں کیں۔

July 28, 2026 · بام دنیا

بیروت: اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ٹرک نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنوبی لبنان کے علاقوں میں اپنی موجودہ فوجی موجودگی ختم کرے اور گھروں کی مسماری کے اقدامات روکنے پر غور کرے۔

وولکر ٹرک نے لبنان کے دورے کے اختتام پر کہا کہ انہوں نے دورے کے دوران حکومتی حکام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور اسرائیلی کارروائیوں سے متاثرہ بے گھر افراد سے ملاقاتیں کیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نے لبنان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتے ہیں، جن کا جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔

انہوں نے جنوبی لبنان میں شہری علاقوں کو پہنچنے والے نقصان، عمارتوں کی تباہی اور انسانی نقصانات پر بھی تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تنازعات کے دوران شہریوں، طبی عملے اور صحافیوں کا تحفظ یقینی بنانا عالمی قوانین کے تحت ضروری ہے۔

وولکر ٹرک کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لبنان میں جنگی اثرات، بے گھر افراد کے مسائل اور سرحدی کشیدگی کے حوالے سے عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔