ایرانی وزیر خارجہ کا سعودی اور عمانی ہم منصب سے رابطہ، علاقائی صورتحال پر گفتگو
یہ رابطے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب خلیجی خطے میں صورتحال پر تشویش بڑھ رہی ہے اور مختلف ممالک کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عمان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں خطے کی صورتحال، آبنائے ہرمز کی کشیدگی اور سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے، امن و استحکام کے قیام اور موجودہ صورتحال کے حل کے لیے سفارتی راستوں پر بات چیت کی گئی۔
یہ رابطے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب خلیجی خطے میں صورتحال پر تشویش بڑھ رہی ہے اور مختلف ممالک کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایران اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والی بات چیت کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان ماضی میں اختلافات کے باوجود حالیہ عرصے میں سفارتی روابط میں بہتری آئی ہے۔
اس سے قبل ایران اور عمان کے درمیان دو روزہ مذاکرات بھی ہوئے تھے جن میں امریکی کارروائیوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔ دونوں جانب سے مذاکرات کو مثبت قرار دیا گیا تھا۔
تاہم ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ مذاکرات کے دوران عمان کی جانب سے پیش کی گئی ایک تجویز کو ایران نے قبول نہیں کیا۔