ایران نے قطر کارروائی میں جاں بحق پائلٹ کی شناخت ظاہر کر دی

بریگیڈیئر جنرل مجید کاظمی کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی گئی ہے۔

July 29, 2026 · بام دنیا

ایرانی فوج نے قطر میں واقع امریکی العدید فوجی اڈے پر ہونے والی کارروائی کے دوران جاں بحق ہونے والے چار پائلٹوں میں سے ایک کی شناخت کی تصدیق کر دی ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق بریگیڈیئر جنرل مجید کاظمی کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کی باقیات جلد ایران منتقل کی جائیں گی۔

رپورٹس کے مطابق بریگیڈیئر جنرل مجید کاظمی ایرانی فضائیہ کے ایس یو-24 جنگی طیارے کے پائلٹ تھے اور انہیں قطر میں امریکی العدید اڈے پر کیے گئے فضائی آپریشن میں شریک قرار دیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یکم مارچ کو ایرانی فضائیہ کے دو ایس یو-24 طیاروں نے ایک کارروائی کے دوران العدید اڈے کو نشانہ بنایا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واپسی کے دوران خلیج فارس کی فضائی حدود میں ان طیاروں کو حملے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں پائلٹ جاں بحق ہوئے۔

ایرانی ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں جاں بحق ہونے والے دیگر تین پائلٹوں کی باقیات کی شناخت اور انہیں وطن واپس لانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

اس معاملے پر قطر، امریکا یا دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، جبکہ ایرانی مؤقف کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی ہے۔