پینٹاگون کا ایران پر ممکنہ حملوں کی رپورٹس پر تبصرے سے انکار
محکمہ دفاع ہر ممکن صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایات ملنے پر کسی بھی وقت کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،
واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے ایران کی توانائی تنصیبات پر ممکنہ فوجی کارروائی سے متعلق میڈیا رپورٹس پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر کے حتمی فیصلے سے پہلے ممکنہ اہداف پر کوئی بیان نہیں دیا جائے گا۔
پینٹاگون کے چیف ترجمان شان پارنیل نے کہا کہ محکمہ دفاع ہر ممکن صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایات ملنے پر کسی بھی وقت کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم اس مرحلے پر کسی ممکنہ فوجی منصوبے یا اہداف پر بات کرنا مناسب نہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا میں یہ دعوے سامنے آئے کہ امریکا اور اسرائیل ایران کی توانائی سے متعلق اہم تنصیبات پر ممکنہ کارروائی کے مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر کارروائی کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو یہ عالمی مالیاتی منڈیوں کے دوبارہ کھلنے سے قبل عمل میں لائی جا سکتی ہے، تاہم ان اطلاعات کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی۔
تاحال امریکی حکومت یا اسرائیلی حکام کی جانب سے ایران پر کسی نئی فوجی کارروائی کی باضابطہ منظوری یا تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔