امریکا کسی بھی مہم جوئی سے گریز کرے، ایران کا سخت انتباہ

اگر ایران کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

August 2, 2026 · بام دنیا

تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ممکنہ فوجی مہم جوئی سے گریز کیا جائے، کیونکہ ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عباس عراقچی نے سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر رابطے کیے، جن میں خطے کی موجودہ صورتحال، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے گفتگو کے دوران کہا کہ اگر ایران کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے تمام فریقوں کو تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

بعد ازاں عباس عراقچی نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں علاقائی سیکیورٹی اور موجودہ صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ سفارتی رابطوں کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کے خواہاں ہیں، تاہم قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کے لیے تیار ہیں۔