ایران سے متعلق پیش رفت کے بعد عالمی منڈی میں تیل سستا

امریکی خام تیل کی قیمت میں تقریباً پانچ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 80.79 ڈالر فی بیرل تک آ گئی۔

August 3, 2026 · بام دنیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر ممکنہ حملوں کی منسوخی اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

عالمی تجارتی اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت میں تقریباً پانچ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 80.79 ڈالر فی بیرل تک آ گئی۔

اسی طرح عالمی معیار سمجھے جانے والے برینٹ خام تیل کی قیمت بھی تقریباً پانچ فیصد کم ہو کر 83.87 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی بحالی کی توقعات نے عالمی توانائی منڈی کو مثبت اشارہ دیا ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں میں خدشات کم ہوئے اور تیل کی قیمتوں پر دباؤ آیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت جاری رہی تو عالمی منڈی میں توانائی کی فراہمی سے متعلق خدشات مزید کم ہو سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔