ایران، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان سفارتی رابطے تیز

وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے دوسری مرتبہ ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

August 3, 2026 · بام دنیا

ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات سے قبل خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی عرب اور پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے اہم ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی نے اتوار کی شب سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے دوسری مرتبہ ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسی روز ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کیا، جبکہ بعد ازاں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ ذرائع کے مطابق ان رابطوں میں خطے کی تازہ صورتحال اور سفارتی پیش رفت پر مشاورت کی گئی۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کے اعلان کے بعد یہ سفارتی رابطے غیر معمولی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کا نیا دور شروع ہونے کا امکان ہے۔

امریکی صدر کے مطابق مجوزہ مذاکرات میں آبنائے ہرمز کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور ایران کے جوہری پروگرام سمیت اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ سفارتی رابطے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔