ایران نے فوری معاہدہ نہ کیا تو شدید بمباری ہوگی:جم بینکس

ٹرمپ سفارتی حل کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم اگر مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی اور معاہدہ طے نہ پایا تو ایران کے خلاف دوبارہ سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

August 3, 2026 · بام دنیا

امریکا کے ریپبلکن سینیٹر جم بینکس نے کہا ہے کہ اگر ایران نے اپنے جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات پر جلد پیش رفت نہ کی تو امریکا دوبارہ فوجی کارروائی پر غور کر سکتا ہے۔

امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جم بینکس کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سفارتی حل کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم اگر مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی اور معاہدہ طے نہ پایا تو ایران کے خلاف دوبارہ سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ فوجی کارروائی کو مؤخر کرنے کا مقصد ایران کو مذاکرات کی میز پر واپس آنے کا موقع فراہم کرنا تھا، نہ کہ اسے کسی قسم کی کمزوری یا پسپائی سمجھا جائے۔

جم بینکس نے دعویٰ کیا کہ ایرانی قیادت کے اندر مختلف آراء پائی جاتی ہیں۔ ان کے مطابق بعض حلقے سخت مؤقف رکھتے ہیں، جبکہ کچھ عناصر موجودہ صورتحال کے پیش نظر مذاکرات اور معاہدے کے حق میں ہیں۔

ریپبلکن سینیٹر کا کہنا تھا کہ امریکا خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اس کی خواہش ہے کہ موجودہ تنازع کا حل سفارتی ذرائع سے نکالا جائے۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے ان دعوؤں یا بیانات پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے کی صورتحال بدستور حساس ہے، جبکہ عالمی برادری دونوں ممالک پر مذاکرات جاری رکھنے اور تنازع کا پرامن حل تلاش کرنے پر زور دے رہی ہے۔