ٹرمپ کی ایران پالیسی پر خلیجی ممالک پریشان ہیں:امریکی اخبار
سعودی عرب ایران کے ساتھ تنازع کے سفارتی حل کو ترجیح دے رہا ہے، جبکہ خطے میں امریکی فوجی موجودگی اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیجی ممالک ایران سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی پر تشویش اور مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ بعض ریاستوں نے امریکا سے مزید سکیورٹی یقین دہانیوں کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق خلیجی عرب ممالک نے پس پردہ رابطوں میں ایران کے معاملے پر امریکی حکمت عملی کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خلیجی ریاستیں خطے میں استحکام کے لیے امریکا سے واضح سکیورٹی تعاون چاہتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر سے رابطہ کر کے کشیدگی کم کرنے اور سفارتی کوششوں کو جاری رکھنے پر زور دیا، جبکہ متحدہ عرب امارات ایران کے خلاف سخت مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق سعودی عرب ایران کے ساتھ تنازع کے سفارتی حل کو ترجیح دے رہا ہے، جبکہ خطے میں امریکی فوجی موجودگی اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کویتی حکام نے امریکا کے ساتھ دفاعی تعاون کو اپنی سلامتی کے لیے اہم قرار دیا ہے۔ تاہم بعض حلقوں کے مطابق ایران کے ساتھ ممکنہ جنگ امریکی عوام میں بھی زیادہ مقبول نہیں ہو رہی۔
دوسری جانب امریکی حکام یا خلیجی ممالک کی جانب سے ان دعوؤں پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔