آبنائے ہرمز میں متبادل راستے کی اجازت نہیں دیں گے، ایران

ایران آبنائے ہرمز کے معاملے پر اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور یہ گزرگاہ امریکا کی شرائط کے تحت دوبارہ فعال نہیں ہوگی۔

August 4, 2026 · بام دنیا

ایران کے سپریم لیڈر کے سینیئر مشیر میجر جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کے حوالے سے اپنے مؤقف پر قائم ہے اور اسے امریکا کی شرائط کے مطابق دوبارہ کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر خطے میں کسی بھی قسم کے جنگی جہاز یا فوجی نقل و حرکت کی گئی تو ایران اس کا بھرپور جواب دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں کسی متبادل راستے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

محسن رضائی نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے جاری انتباہ کے بعد متعدد بحری جہاز اپنے راستے تبدیل کر رہے ہیں، جبکہ امریکا کی ہدایات پر عمل کرنے والے بعض جہازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے بھی اپنا رخ موڑ لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے معاملے پر اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور یہ گزرگاہ امریکا کی شرائط کے تحت دوبارہ فعال نہیں ہوگی۔

ایرانی رہنما کے مشیر نے یوکرین سے متعلق بھی دعویٰ کیا کہ ایران نے تین اہداف پر کارروائی کی تیاری کر رکھی تھی، تاہم یوکرین کی جانب سے ایرانی جہاز پر حملے کو غلطی تسلیم کرنے کے بعد کارروائی مؤخر کر دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے حوالے سے یوکرین کو اپنے اقدامات کی قیمت چکانا ہوگی۔