آبنائے ہرمز کے قریب تجارتی بحری جہاز پر مبینہ میزائل حملہ
واقعے کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں اور متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں
آبنائے ہرمز کے قریب ایک تجارتی بحری جہاز پر مبینہ میزائل حملے کی اطلاع سامنے آئی ہے، جس کے بعد متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق عمان کے شہر الخصب کے شمال مشرق میں تقریباً 20 بحری میل کے فاصلے پر ایک تجارتی بحری جہاز نے ہنگامی مواصلاتی چینل وی ایچ ایف 16 کے ذریعے اطلاع دی کہ اسے نامعلوم میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں اور متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، تاہم فوری طور پر حملے کی نوعیت یا ذمہ دار عناصر کے بارے میں کوئی باضابطہ معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
اس سے ایک روز قبل بھی اسی سمندری علاقے میں ایک آئل ٹینکر نے اپنے قریب دھماکے کی اطلاع دی تھی۔ یو کے ایم ٹی او کے مطابق اس واقعے میں جہاز کے عملے یا بحری جہاز کے ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔
حکام کی جانب سے دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ خطے میں بحری آمدورفت کی صورتحال پر بھی مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔