سعودی ولی عہد اور صدر اردوان کا ٹیلیفونک رابطہ،بحیرہ احمر کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا

August 4, 2026 · بام دنیا

سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات، مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور بحیرہ احمر میں سیکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

سعودی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی کو درپیش سیکیورٹی خدشات بھی زیرِ بحث آئے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازوں پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خطے میں بحری سلامتی کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تعاون اور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تعاون کے فروغ کے لیے رابطے برقرار رکھنے اور باہمی کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔