آبنائے ہرمز کی بندش، کویت کا متبادل آئل پائپ لائن منصوبے پر غور

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ ایک نئے آئل پائپ لائن منصوبے پر مشاورت جاری ہے

August 4, 2026 · بام دنیا

کویت سٹی: آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے بعد کویت نے خام تیل کی برآمدات کے لیے متبادل راستوں پر غور شروع کر دیا ہے۔

کویتی حکام کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ ایک نئے آئل پائپ لائن منصوبے پر مشاورت جاری ہے، جس کا مقصد تیل کو متبادل راستوں سے عالمی منڈی تک پہنچانا ہے۔

کویتی وزیرِ تیل طارق سلیمان الرومی نے بتایا کہ مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ ان میں ایک منصوبہ کویت کو سعودی عرب کے راستے بحیرۂ احمر یا عمان سے ملانے کا ہے، جبکہ دوسری تجویز میں کویت کو متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ سے منسلک کرنے کا امکان شامل ہے۔

وزیرِ تیل کے مطابق یہ ایک بڑا اور طویل المدتی منصوبہ ہوگا، جس کے لیے متعلقہ ممالک کے ساتھ مشاورت جاری ہے تاکہ مؤثر اور کم لاگت والا راستہ منتخب کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث کویت کی خام تیل کی برآمدات متاثر ہوئی ہیں اور جب تک یہ اہم بحری راستہ بند رہے گا، تیل کی ترسیل میں مشکلات برقرار رہیں گی۔

کویتی حکام کے مطابق حالیہ حملوں سے متاثر ہونے والے بعض تیل ذخیرہ کرنے والے مراکز کی بحالی میں وقت لگ سکتا ہے، جس سے توانائی کے شعبے کو مزید چیلنجز کا سامنا ہے۔

توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر متبادل پائپ لائن منصوبہ مکمل ہو جاتا ہے تو خلیجی ممالک کا آبنائے ہرمز پر انحصار کم ہو سکتا ہے اور تیل کی عالمی ترسیل کو مزید تحفظ حاصل ہوگا۔
:::