ایران سے معاہدے کے لیے مذاکرات جاری،ٹرمپ پُرامید
جنگ یا جانی نقصان نہیں چاہتے بلکہ بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنے کے خواہاں ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں جاری ہیں اور انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جلد کسی معاہدے تک پہنچا جا سکتا ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی ترجیح تنازعات کے بجائے سفارتی حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جنگ یا جانی نقصان نہیں چاہتے بلکہ بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایران کے ساتھ رابطے اور مذاکرات جاری ہیں اور آئندہ پیش رفت کا انحصار دونوں فریقوں کی مشاورت پر ہوگا۔ تاہم انہوں نے ایک بار پھر اپنے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ امریکہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
صدر ٹرمپ نے اس سے قبل بھی کہا تھا کہ آبنائے ہرمز کی بحالی خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ اس کے بعد ایران کے جوہری پروگرام سمیت دیگر اہم معاملات پر مزید مذاکرات کا امکان موجود ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اگر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو اس کے مثبت اثرات نہ صرف مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال بلکہ عالمی توانائی کی منڈی اور خطے کے استحکام پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔