آبنائے ہرمز سے متعلق مذاکرات آخری مرحلے میں ہیں:عباس عراقچی

ایران اور امریکا کے درمیان اس وقت براہِ راست مذاکرات نہیں ہو رہے، تاہم آبنائے ہرمز کے معاملے پر عمان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

August 9, 2026 · بام دنیا

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق عمان کے ساتھ جاری مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں اور بات چیت آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عباس عراقچی نے واضح کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان اس وقت براہِ راست مذاکرات نہیں ہو رہے، تاہم آبنائے ہرمز کے معاملے پر عمان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں آبنائے ہرمز سے متعلق نئے بحری راستے قائم کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

عباس عراقچی نے تاہم واضح کیا کہ عمان کے ساتھ جاری مذاکرات کو آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کے فیصلے سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق مذاکرات کا مقصد سمندری آمدورفت سے متعلق معاملات کو ایک قابلِ عمل طریقہ کار کے تحت آگے بڑھانا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے حتمی صورتحال مذاکرات کے نتائج اور آئندہ ہونے والی پیش رفت سے واضح ہوگی۔