مجتبیٰ خامنہ ای سے پزشکیان کی ملاقات حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے:ترجمان
صدر اور رہبرِ اعلیٰ کے درمیان ملاقات کو صرف صدر پزشکیان کے استعفے سے متعلق قیاس آرائیوں کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے۔فاطمہ مہاجرانی
تہران: ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ صدر مسعود پزشکیان کی رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات حکومت کے لیے ان کی حمایت اور اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
فاطمہ مہاجرانی کے مطابق صدر اور رہبرِ اعلیٰ کے درمیان ملاقات کو صرف صدر پزشکیان کے استعفے سے متعلق قیاس آرائیوں کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ یہ دونوں شخصیات کے درمیان رابطے اور باہمی اعتماد کے تسلسل کی علامت بھی ہے۔
انہوں نے صدر کے استعفے سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کو افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر پزشکیان اور رہبرِ اعلیٰ سے متعلق ذرائع نے بھی ایسی اطلاعات کی تردید کی ہے۔
ایرانی حکومتی ترجمان کے مطابق صدر اور مجتبیٰ خامنہ ای کے درمیان ہونے والی ملاقات کئی گھنٹے جاری رہی۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب ایران میں بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے جنگ اور مذاکرات کے دوران حکومت کی کارکردگی پر تنقید کی جا رہی ہے۔
فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ رہبرِ اعلیٰ کی جانب سے صدر اور حکومت کی حمایت مختلف مواقع پر سامنے آتی رہی ہے۔ ان کے بقول سیاسی معاملات میں تعمیری تنقید اور ایسے اقدامات کے درمیان فرق کرنا ضروری ہے جو معاشرے میں بے اعتمادی یا سیاسی تقسیم کو بڑھا سکتے ہیں۔