پاسدارانِ انقلاب کا ایران پر ممکنہ حملے کے خلاف سخت انتباہ

توانائی کی ترسیلی لائنوں، بجلی گھروں، مختلف امریکی و غیر امریکی نظاموں اور انٹرنیٹ سے منسلک عالمی بنیادی ڈھانچے کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

August 12, 2026 · بام دنیا

تہران: پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ نئی کارروائی کی صورت میں سنگین نتائج سے خبردار کردیا۔

حسین محبی کے مطابق اگر ایران کو دوبارہ کسی خطرے کا سامنا ہوا تو توانائی کی ترسیلی لائنوں، بجلی گھروں، مختلف امریکی و غیر امریکی نظاموں اور انٹرنیٹ سے منسلک عالمی بنیادی ڈھانچے کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

بی بی سی فارسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس وقت خلیج فارس کے پانیوں میں کوئی امریکی بحری جہاز موجود نہیں۔

ایرانی ترجمان کے یہ بیانات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے چند گھنٹے بعد سامنے آئے جس میں انہوں نے ایران پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایرانی حکام ان سے مسلسل جھوٹ بولتے رہے ہیں۔

ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز پر امریکا کا مکمل کنٹرول ہے۔

دونوں جانب سے سامنے آنے والے بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی اور ممکنہ آئندہ اقدامات کے حوالے سے صورتحال پر عالمی سطح پر نظر رکھی جا رہی ہے۔