امن مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے پر عالمی منڈی میں تیل مہنگا
کاروباری ہفتے کے اختتام پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.45 ڈالر اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 88.52 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی
ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات میں خاطر خواہ پیش رفت نہ ہونے اور ٹینکرز پر حملوں کی اطلاعات کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق کاروباری ہفتے کے اختتام پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.45 ڈالر اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 88.52 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی 1.15 ڈالر اضافے کے بعد 82.40 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
ماہرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی یا امن معاہدے پر پیش رفت نہ ہونے کے باعث عالمی توانائی کی منڈی میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت مسلسل متاثر رہی تو عالمی سطح پر تیل کی فراہمی کو مزید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، جس سے قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔
عالمی منڈی میں موجودہ صورتحال کے باعث برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں کی ہفتہ وار قیمتوں میں بھی نمایاں اضافے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔