پاکستان نے سعودی عرب کی وارننگ ایران کو پہنچا دی

تہران نے حوثیوں پر کنٹرول نہ ہونے کا جواز پیش کیا، یمنی گروپ کو ایران نے اضافی فنڈنگ کا وعدہ کیا تھا، برطانوی خبر ایجنسی کا دعویٰ

September 10, 2026 · اہم خبریں
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کی جانب سے ایران کو ایک اہم پیغام پہنچاتے ہوئے حوثیوں کے سعودی عرب پر حملے روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یمنی حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے خمیس مشیط ایئربیس اور اس کے قریب تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 73 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق حملوں کے بعد پاکستان نے ایران پر زور دیا کہ وہ حوثیوں کو مزید کارروائیوں سے روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے تاکہ خطے میں جاری کشیدگی مزید نہ بڑھے۔

ایرانی حکام کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایران حوثی گروپ کو براہِ راست کنٹرول نہیں کرتا۔ تاہم رپورٹس میں ایرانی ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ تہران نے گزشتہ ہفتے حوثیوں کی کارروائیوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مزید مالی و عسکری معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 

دوسری جانب پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حملہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان موجود مشترکہ دفاعی معاہدے کو متحرک کرسکتا ہے۔

پاکستانی حکام کے مطابق اگر کسی فوجی کردار کی ضرورت پیش آئی تو وہ سعودی سرزمین کے دفاع تک محدود ہوگا، جبکہ یمن کے اندر کسی کارروائی میں حصہ نہیں لیا جائے گا۔

صورتحال کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں اور مختلف ممالک کی جانب سے سفارتی سطح پر تناؤ کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔