سعودی عرب پر ڈرون حملے، عراق میں اعلیٰ فوجی کمانڈر برطرف

حملوں کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ واقعے کے حالات اور حملوں کے پسِ پردہ موجود فریقین کی فوری تحقیقات کا حکم

September 12, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بغداد: سعودی عرب پر حالیہ ڈرون حملوں کے بعد عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی نے ایک اعلیٰ فوجی کمانڈر کو عہدے سے برطرف کر دیا۔

عراقی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملے عراق سے کیے گئے تھے، جس کے بعد جنوبی عراق کے صوبے میسان میں فوجی کارروائیوں کی نگرانی کرنے والے کمانڈر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حملوں کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عراقی وزیراعظم نے واقعے کے حالات اور حملوں کے پسِ پردہ موجود فریقین کی فوری تحقیقات کا حکم بھی دیا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں ہونے والے ڈرون حملوں کے بعد مشرقی-مغربی آئل پائپ لائن کو عارضی طور پر بند کردیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق عراق کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ سعودی حکام نے بتایا کہ عراقی وزیراعظم کی درخواست پر فی الحال جوابی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ادھر حملوں کے بعد عراق نے احتیاطی اقدام کے طور پر شلمچہ بارڈر کراسنگ بھی عارضی طور پر بند کردی ہے۔

عراقی فوج کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے حملوں میں ملوث افراد کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی ہے۔