عراق کا ایرانی پروازوں سے متعلق امریکی پابندیوں میں استثنیٰ کا مطالبہ

مجوزہ استثنیٰ کا مقصد طبی علاج، تعلیم، مذہبی زیارات اور دیگر شہری ضروریات کے لیے فضائی سفر جاری رکھنا ہے۔

September 26, 2026 · بام دنیا
عراق کا ایرانی پروازوں سے متعلق امریکی پابندیوں میں استثنیٰ کا مطالبہ(فائل فوٹو)

عراق کا ایرانی پروازوں سے متعلق امریکی پابندیوں میں استثنیٰ کا مطالبہ(فائل فوٹو)

عراق نے ایرانی پروازوں کو سہولت فراہم کرنے والے بعض ہوائی اڈوں کو امریکی پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

عراقی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق اس معاملے پر امریکی حکام سے براہِ راست رابطہ اور مذاکرات جاری ہیں۔ عراق کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ پابندیوں کے باعث متاثر ہونے والی ضروری فضائی سہولیات بحال کی جاسکیں۔

امریکا کی جانب سے حالیہ پابندیوں کے تحت ان ہوائی اڈوں کو بھی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے جہاں ایرانی پروازوں کو خدمات یا دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ ان اقدامات کے بعد گزشتہ چند دنوں میں عراق اور دیگر پڑوسی ممالک کے لیے متعدد ایرانی پروازیں معطل ہوئی ہیں۔

عراقی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق مجوزہ استثنیٰ کا مقصد طبی علاج، تعلیم، مذہبی زیارات اور دیگر شہری ضروریات کے لیے فضائی سفر جاری رکھنا ہے۔

عراق نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعات کا طویل ہونا صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔

عراقی حکومت نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا ہے کہ اختلافات اور موجودہ بحران کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع اختیار کیے جائیں تاکہ خطے کے ممالک اور عوام کے مفادات کا تحفظ ممکن ہوسکے۔