امریکا میں شدید طوفان ،نیویارک اور نیو جرسی میں ہنگامی حالت نافذ

خراب موسم کے باعث بجلی کی فراہمی اور سفری نظام بھی متاثر ہونے کا خدشہ

September 27, 2026 · بام دنیا
امریکا میں شدید طوفان ،نیویارک اور نیو جرسی میں ہنگامی حالت نافذ

امریکا میں شدید طوفان ،نیویارک اور نیو جرسی میں ہنگامی حالت نافذ

واشنگٹن: امریکا کی مشرقی ساحلی پٹی پر شدید طوفان کے خدشے کے پیش نظر نیویارک اور نیو جرسی میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔

موسمی پیش گوئی کے مطابق ’نور ایسٹر‘ طوفان کے باعث نیویارک سے واشنگٹن ڈی سی تک ساحلی علاقوں میں شدید بارش، تیز ہواؤں، بلند سمندری لہروں اور سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ خراب موسم کے باعث بجلی کی فراہمی اور سفری نظام بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق طوفان ہفتے کے اختتام پر امریکا کے مشرقی ساحل سے گزرے گا اور ریاست مین سے واشنگٹن ڈی سی تک مختلف علاقوں کو متاثر کرسکتا ہے۔ بعض مقامات پر ہواؤں کی رفتار 55 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 89 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس سے سڑکوں پر سفر بھی مشکل ہوسکتا ہے۔

نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے شہریوں کو ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ نیویارک سٹی انتظامیہ نے بھی شہریوں کو نشیبی علاقوں اور تہہ خانوں میں پانی جمع ہونے، بجلی کی بندش اور سفری مشکلات کے ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا ہے۔

شدید موسم کے باعث نیویارک کے تین بڑے ہوائی اڈوں پر پروازوں کا نظام متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔ امریکی وفاقی ہوا بازی انتظامیہ کے مطابق تیز ہوائیں پروازوں میں تاخیر اور دیگر رکاوٹوں کا سبب بن سکتی ہیں۔

امریکی ایئر لائنز، جیٹ بلیو اور یونائیٹڈ ایئر لائنز نے بعض اہل مسافروں کے لیے جمعے سے اتوار تک پروازوں کی تبدیلی کی فیس ختم کردی ہے، جبکہ مسافروں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر سفر مؤخر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ریل کا نظام بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ایمٹرک نے مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ طوفانی موسم کے باعث امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں ٹرینوں کے شیڈول میں تبدیلی یا تاخیر ہوسکتی ہے۔