نسل کشی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا،اردوان
اگر نسل کشی کے ذمہ دار افراد کو قانون اور تاریخ کے سامنے جواب دہ نہ بنایا گیا تو ایسے واقعات دوبارہ پیش آنے کا خطرہ برقرار رہے گا۔
نسل کشی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا،اردوان( فائل فوٹو)
استنبول: ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کا نام لیے بغیر غزہ کی صورتحال اور جنگی جرائم کے مبینہ ذمہ داروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نسل کشی اور جنگی جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے سامنے جواب دہ ہونا چاہیے۔
استنبول میں بزنس ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ جنگی جرائم میں ملوث افراد کو اقوام متحدہ کے اجلاسوں سے خطاب کرنے کے بجائے عدالتوں میں اپنے اقدامات کا جواب دینا چاہیے۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ اگر نسل کشی کے ذمہ دار افراد کو قانون اور تاریخ کے سامنے جواب دہ نہ بنایا گیا تو ایسے واقعات دوبارہ پیش آنے کا خطرہ برقرار رہے گا۔
انہوں نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اور غزہ کے عوام اپنے حقوق اور انصاف کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔ ترکیے اپنی استطاعت کے مطابق مظلوموں کی آواز بلند کرتا رہے گا اور فلسطینی عوام کے حق میں اپنا مؤقف پیش کرتا رہے گا۔
رجب طیب اردوان نے اپنے خطاب میں ترکیے کی معاشی کارکردگی کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک گزشتہ 24 سہ ماہیوں سے مسلسل اقتصادی ترقی کر رہا ہے اور اس وقت دنیا کی 16ویں بڑی معیشت ہے۔
ترک صدر کے مطابق 2002 میں برآمدات کرنے والی ترک کمپنیوں کی تعداد تقریباً 33 ہزار تھی، جو اب بڑھ کر ایک لاکھ 68 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔