بھارت میں گدھے کی تصویر پر نرسنگ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری
نرسنگ کی مطلوبہ تعلیمی قابلیت سے متعلق جعلی دستاویزات بھی جمع کرائیں۔ درخواست میں والد کے نام کے خانے میں ’Donkey Father‘ بھی درج کیا گیا۔
بھارت میں گدھے کی تصویر پر نرسنگ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری
بھارت میں نرسنگ رجسٹریشن کے آن لائن نظام کی جانچ کے دوران ایک غیر معمولی معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر گدھے کی تصویر اور جعلی تعلیمی دستاویزات استعمال کرنے کے باوجود عارضی نرسنگ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش نرسز رجسٹریشن کونسل کے آن لائن پورٹل کے نظام کو جانچنے کے لیے این ایس یو آئی کے ریاستی نائب صدر روی پرمار نے مبینہ طور پر ایک تجربہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق انہوں نے رجسٹریشن درخواست میں امیدوار کی تصویر کے بجائے گدھے کی تصویر اپ لوڈ کی، جبکہ نرسنگ کی مطلوبہ تعلیمی قابلیت سے متعلق جعلی دستاویزات بھی جمع کرائیں۔ درخواست میں والد کے نام کے خانے میں ’Donkey Father‘ بھی درج کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ان معلومات کے باوجود فیس جمع کرانے کے بعد آن لائن نظام نے مبینہ طور پر مؤثر تصدیق کے بغیر درخواست منظور کرتے ہوئے عارضی نرسنگ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کردیا۔
واقعے کی تصاویر اور تفصیلات سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد بھارت میں نرسنگ کے تعلیمی اور رجسٹریشن نظام میں دستاویزات کی جانچ اور شناخت کی تصدیق کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق معاملہ سامنے آنے کے بعد مدھیہ پردیش نرسز رجسٹریشن کونسل نے اضافی تصدیقی اقدامات نافذ ہونے تک رجسٹریشن کا عمل عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔