ایران سے ممکنہ جنگ کے پیش نظر امریکا کی خلیجی ممالک میں دفاعی تنصیبات سخت

خطے میں بڑھتی کشیدگی،سعودی عرب اور قطر میں پیٹریاٹ میزائل بیٹریاں تعینات،اہم تنصیبات کا دفاع مضبوط

October 2, 2026 · بام دنیا
ایران سے ممکنہ جنگ کے پیش نظر امریکا کی خلیجی ممالک میں دفاعی تنصیبات سخت

ایران سے ممکنہ جنگ کے پیش نظر امریکا کی خلیجی ممالک میں دفاعی تنصیبات سخت

ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ جنگ کے خدشات کے پیش نظر امریکا نے خلیجی ممالک میں اپنی دفاعی موجودگی کو مزید مؤثر بناتے ہوئے سعودی عرب اور قطر میں اضافی پیٹریاٹ میزائل دفاعی بیٹریاں تعینات کر دی ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے ایکسیوس کی رپورٹ کے مطابق دو امریکی حکام اور ایک علاقائی ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ ان نئی عسکری تعیناتیوں کا بنیادی مقصد دونوں برادر خلیجی ریاستوں کی اہم توانائی تنصیبات کو کسی بھی ممکنہ حملے سے محفوظ بنانا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک پیٹریاٹ بیٹری گزشتہ ماہ سعودی عرب روانہ کی گئی تھی، جسے تیل کی ایک انتہائی اہم تنصیب کے دفاع کے لیے نصب کیا گیا ہے، جبکہ دوسری بیٹری قطر پہنچائی گئی ہے تاکہ قدرتی گیس کے بنیادی ڈھانچے اور تنصیبات کی مؤثر حفاظتق کی جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق اس امریکی اقدام کا ایک اہم مقصد سعودی عرب اور قطر کی قیادت کو یہ پختہ یقین دہانی کرانا بھی ہے کہ اگر ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع ہوتی ہیں، تو واشنگٹن ان کے تیل اور گیس کے اہم تنصیبات کے تحفظ میں بھرپور مدد فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور قطر کی قیادت اس سے قبل ایران کے خلاف ایسی کسی بھی فوجی کارروائی پر گہری تشویش ظاہر کر چکی ہے، جس کے نتیجے میں ان کی اپنی توانائی تنصیبات جوابی حملوں کی زد میں آ سکتی ہیں۔

یہ تازہ ترین پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے اور واشنگٹن کی جانب سے مزید بحری و عسکری وسائل خطے کی طرف منتقل کیے جا رہے ہیں۔ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے اس ماحول میں خلیجی ممالک کی اقتصادی شہ رگ یعنی تیل اور گیس کی تنصیبات کا تحفظ تمام فریقین کے لیے خصوصی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔