7 شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی، قالیباف

ایران کے نزدیک وقت ضائع کرنے اور یک طرفہ شرائط عائد کرنے کا مرحلہ ختم ہوچکا ہے۔

October 4, 2026 · بام دنیا
7 شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی، قالیباف

7 شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی، قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی مفاہمت کی یادداشت میں طے کردہ 7 شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز کو کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا نے حال ہی میں ثالثوں کے ذریعے ایران کو کچھ تجاویز پیش کی ہیں، تاہم تہران یک طرفہ مطالبات قبول نہیں کرے گا۔

ایرانی اسپیکر نے امریکی تجاویز کی تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ ایران کے نزدیک وقت ضائع کرنے اور یک طرفہ شرائط عائد کرنے کا مرحلہ ختم ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت کے تحت ایران کی سات شرائط پوری نہیں ہوتیں، آبنائے ہرمز کھولنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

محمد باقر قالیباف، جو اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار بھی تھے، نے کہا کہ ایران نہ دباؤ میں ہے اور نہ ہی خوفزدہ، بلکہ ایک جانب فوجی محاذ پر موجود ہے اور دوسری جانب سفارتی کوششیں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنی فوجی صلاحیت کے ساتھ کسی بھی نئی کارروائی کا جواب دینے کے لیے تیار ہے، جبکہ سفارتی سطح پر بھی اپنے قومی مفادات اور عوام کے حقوق کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

امریکی حکام کے مختلف بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی اور مجموعی پالیسی کا تعین امریکی حکام کی سوشل میڈیا پوسٹس یا روزانہ سامنے آنے والے بیانات کی بنیاد پر نہیں کرتا۔

ان کے مطابق ایران اپنے فیصلے مخالف فریق کے عملی اقدامات اور حقیقی رویے کو دیکھ کر کرتا ہے، نہ کہ میڈیا میں ہونے والی بیان بازی کی بنیاد پر۔