ایران سے لین دین پر امریکا کی نئی دھمکی
ایران کے ساتھ کاروباری لین دین جاری رکھنے پر انہیں ثانوی پابندیوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔ امریکی حکام
ایران سے لین دین پر امریکا کی نئی دھمکی
واشنگٹن: امریکا نے غیر ملکی مالیاتی اداروں کو خبردار کیا ہے کہ ایران یا اس کے بینکاری نظام کے ساتھ کاروباری معاملات جاری رکھنے کی صورت میں انہیں امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ پابندیوں کی زد میں موجود ایرانی مالیاتی اداروں کے ساتھ لین دین کرنے والے غیر ملکی بینک کسی بھی وقت اور بغیر پیشگی اطلاع کے امریکی پابندیوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔
امریکی حکام نے ایسے مالیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ایران سے متعلق لین دین اور کاروباری روابط فوری طور پر ختم کریں۔
امریکا کی جانب سے ایران پر معاشی دباؤ میں اس وقت مزید اضافہ کیا گیا ہے جب فروری کے اختتام پر ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی۔ ایران کی جوابی کارروائیوں کے اثرات خلیجی ممالک تک بھی پہنچے، جبکہ اہم تجارتی راستوں میں رکاوٹ کے باعث عالمی توانائی اور کھاد کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
واشنگٹن نے اگست کے اختتام سے ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی مہم مزید تیز کردی ہے۔ امریکی حکام نے اتحادی ممالک اور مالیاتی اداروں کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کاروباری لین دین جاری رکھنے پر انہیں ثانوی پابندیوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔