برطانیہ میں سنیپ چیٹ پر ورغلا کر 17 سالہ لڑکی سے زیادتی،تین افغان شہریوں کو قید

عدالت نے تین ملزمان کو مجموعی طور پر 33 سال قید کی سزائیں سنائیں

October 7, 2026 · بام دنیا

عوض احمدزئی، سلمان حبیب خیل اور محراب صافی نے 17 سالہ لڑکی کے خلاف متعدد جنسی جرائم کا ارتکاب کرنے کے بعد برطانیہ سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔

برطانیہ میں تین افغان شہریوں کو 17 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے جرم میں قید کی سزا سنائی گئی۔ یہ افراد بعد میں ایک لاری کے پچھلے حصے میں چھپ کر برطانیہ سے فرانس فرار ہونے کی کوشش کے دوران فرانسیسی پولیس کے ہاتھوں پکڑے گئے تھے۔

26 جون کو 21 سالہ محراب صافی، 19 سالہ عوض احمدزئی اور 19 سالہ سلمان حبیب خیل کو گزشتہ برس برسٹل کے علاقے سینٹ وربرگز میں ایک گھر میں ایک لڑکی کے خلاف متعدد جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔

صافی کی ملاقات 17 سالہ لڑکی سے کرسمس کی خریداری کے دوران ہوئی تھی۔ قانونی وجوہات کی بنا پر لڑکی کی شناخت ظاہر نہیں کی جا سکتی۔ اس کے بعد صافی نے سنیپ چیٹ پر اس کا اعتماد حاصل کیا اور ٹیکسی کا کرایہ ادا کرکے اسے برسٹل بلوایا۔

منگل کے روز برسٹل کراؤن کورٹ میں صافی کو 15 سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ حبیب خیل اور احمدزئی کو نو، نو سال کے لیے نوجوانوں کے حراستی مرکز بھیج دیا گیا۔

تینوں افراد کو سزا سناتے ہوئے جج مائیکل کلم نے کہا کہ ان افراد کے ہاتھوں سمگل کیے جانے اور ریپ کا نشانہ بننے سے لڑکی کو ’ناقابلِ تصور‘ ذہنی صدمہ پہنچا ہوگا۔

ایک 17 سالہ لڑکا، جو افغان شہری ہے لیکن قانونی وجوہات کی بنا پر اس کی شناخت ظاہر نہیں کی جا سکتی، ریپ کے جرم میں قصوروار قرار پایا تھا، تاہم اس نے برطانیہ سے فرار ہونے کی کوشش نہیں کی تھی۔