پنجشیر میں مزاحمتی گروپ نے طالبان کے زیرِ استعمال بھارتی ساختہ ہیلی کاپٹر مار گرایا
تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ تاحال پنجشیر کے علاقے ارزوی میں موجود ہے
پنجشیر میں طالبان کے زیرِ استعمال بھارتی ساختہ چیتک ہیلی کاپٹر کی فائل فوٹو۔
افغانستان میں طالبان رجیم کے خلاف متحرک مزاحمتی گروپ ’افغان گرین ٹرینڈ‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجشیر میں کامیاب کارروائی کے دوران طالبان کے زیرِ استعمال بھارتی ساختہ ہیلی کاپٹر مار گرایا گیا، جس کے نتیجے میں طالبان ایئرفورس کے چیف آف اسٹاف اور 2 پائلٹس شدید زخمی ہوگئے۔
گروپ کے مطابق تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ تاحال ارزوی کے علاقے میں موجود ہے۔ افغان گرین ٹرینڈ کی جانب سے ملبے کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ کارروائی کے ثبوت دنیا کے سامنے پیش کیے جا سکیں۔
افغان گرین ٹرینڈ کا کہنا ہے کہ حملہ طالبان کے ایک اہم عسکری اثاثے پر کیا گیا، جس سے ان کی سیکیورٹی اور فضائی صلاحیتوں میں موجود خامیاں سامنے آئی ہیں۔
گروپ کے مطابق واقعے سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی فوجی ساز و سامان اب طالبان کے جھنڈے تلے استعمال ہو رہا ہے، جبکہ دن دیہاڑے طالبان کی فضائیہ کے ایک اہم عہدیدار کو نشانہ بنانا اور ہیلی کاپٹر کا ملبہ وہیں چھوڑ دینا طالبان کی سیکیورٹی اور فضائی صلاحیتوں میں موجود خامیوں کو واضح کرتا ہے۔
افغان گرین ٹرینڈ کے مطابق یہ واقعہ پنجشیر میں بڑھتی ہوئی مزاحمت کی نشاندہی کرتا ہے اور طالبان کے اس دعوے کی نفی کرتا ہے کہ انہیں علاقے پر مکمل اور مضبوط کنٹرول حاصل ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر معلومات اور دیگر ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی 7 اکتوبر 2026 کی صبح 7 بج کر 15 منٹ پر پنجشیر کے علاقے ارزوی میں کی گئی۔
گرین یونٹ نے ایک منصوبہ بند آپریشن کے تحت بھارتی ساختہ چیتک ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملے میں طالبان کی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف ملا قبلہ اللہ مقیم اور 2 پائلٹس، عبد العظیم اور محمد نعیم، شدید زخمی ہوئے ہیں۔ تینوں افراد کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے جائے وقوعہ سے کابل منتقل کیا گیا، جس کے لیے روسی ساختہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر استعمال کیا گیا۔
یہ ہیلی کاپٹر سابقہ افغان جمہوریہ کے دور کا چھوڑا ہوا اثاثہ تھا جو اب طالبان ملیشیا کے زیرِ استعمال تھا۔
افغان گرین ٹرینڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر کارروائی کے بعد پیغام میں کہا کہ ’’طالبان کی نااہلی کوئی معمولی خامی نہیں، بلکہ یہ ان کا پورا نظام ہی ایسا ہے۔