میکسیکو کی جیل میں خونریز ہنگامہ آرائی،10 افراد ہلاک، 16 زخمی

واقعہ خاندانی ملاقاتوں کے دوران پیش آیا، جب قیدیوں کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور اس دوران آتشیں اسلحہ بھی استعمال کیا گیا۔

October 9, 2026 · بام دنیا
میکسیکو کی جیل میں خونریز ہنگامہ آرائی،10 افراد ہلاک، 16 زخمی

میکسیکو کی جیل میں خونریز ہنگامہ آرائی،10 افراد ہلاک، 16 زخمی

میکسیکو کی ریاست سینالوا کے شہر مازاتلان کی ایل کاسٹیلو جیل میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 16 قیدی زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے جیل کا کنٹرول سنبھال لیا۔

اطلاعات کے مطابق واقعہ خاندانی ملاقاتوں کے دوران پیش آیا، جب قیدیوں کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور اس دوران آتشیں اسلحہ بھی استعمال کیا گیا۔

حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 9 قیدی اور ملاقات کے لیے آنے والا ایک شخص شامل ہے، جبکہ زخمی ہونے والے 16 قیدیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر فوج، نیشنل گارڈ، بحریہ اور ریاستی سکیورٹی اہلکاروں نے جیل میں کارروائی کی اور صورت حال پر قابو پایا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب جیل مکمل طور پر سکیورٹی اہلکاروں کے کنٹرول میں ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایل کاسٹیلو جیل میں تقریباً 1,800 قیدی موجود ہیں۔ ہنگامہ آرائی کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت قیدیوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کی وجوہات اور ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔