روس امریکا اور عالمی منڈی کو لاکھوں ٹن ڈیزل فراہم کرے گا،ٹرمپ کا دعویٰ
ابتدائی طور پر تین لاکھ ٹن سے زائد ڈیزل کی فراہمی متوقع ہے، جبکہ نومبر میں مزید پانچ لاکھ ٹن اور اس کے بعد مزید دس لاکھ ٹن ڈیزل فراہم کیا جائے گا۔
روس امریکا اور عالمی منڈی کو لاکھوں ٹن ڈیزل فراہم کرے گا،ٹرمپ کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس امریکا اور عالمی منڈی کو بڑی مقدار میں ڈیزل فراہم کرے گا۔ ان کے مطابق ابتدائی طور پر تین لاکھ ٹن سے زائد ڈیزل کی فراہمی متوقع ہے، جبکہ نومبر میں مزید پانچ لاکھ ٹن اور اس کے بعد مزید دس لاکھ ٹن ڈیزل فراہم کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی ریکارڈ بلند قیمتوں میں جلد نمایاں کمی متوقع ہے اور وہ قیمتوں سے متعلق تفصیلات کا اعلان بھی کریں گے۔
روسی صدارتی دفتر کریملن کے مطابق دونوں صدور کی گفتگو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران یوکرین بحران، امن مذاکرات کی بحالی اور ایران کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
کریملن کے مطابق پیوٹن نے یوکرین کے معاملے پر امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے وقت پر غور کرنے کا عندیہ دیا۔ دوسری جانب ٹرمپ نے ایران سے متعلق تنازع کے حل میں روس کے کردار کو سراہا۔
روسی صدر نے یہ مؤقف بھی پیش کیا کہ امریکی منڈی میں روسی تیل کی فراہمی عالمی معیشت کے لیے مثبت ثابت ہوسکتی ہے۔ کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں نے نومبر میں چین میں ہونے والی سربراہی کانفرنس میں شرکت کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ عالمی منڈیوں میں قیمتیں جلد نیچے آئیں گی اور ڈیزل بھی سستا ہونے کی توقع ہے۔
امریکی صدر نے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روک دیا گیا ہے اور یہ معاملہ جلد اختتام پذیر ہوسکتا ہے۔